کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) : دہشتگرد تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (BLF) کے سربراہ اور انڈیا کے آلہ کار ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے ایک نیا بیان جاری کیا ہے، جس میں اس نے آزاد کشمیر کے اندر انڈیا کے منصوبے کے عین مطابق شورش اور فسادات پھیلانے والی نام نہاد تنظیم ’’جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘‘ کی کھل کر حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے کہا کہ "کشمیری اپنے خون سے ہمت کی لازوال داستان رقم کر رہے ہیں، بلوچ قوم ان کے ساتھ ہے"۔ مگر زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں کیونکہ بی ایل ایف نامی یہ دہشتگرد گروہ براہِ راست بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مالی و عسکری مدد سے بلوچستان میں بے گناہ عوام، سکیورٹی فورسز اور ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اللہ نذر بلوچ کا یہ بیان دراصل نئی دہلی کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے ذریعے وہ پاکستان کے اندر مختلف علاقوں میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے۔
ایک طرف انڈیا بلوچستان میں بی ایل ایف اور بی ایل اے جیسے گروہوں کو اسلحہ، تربیت اور فنڈنگ فراہم کر رہا ہے۔
دوسری طرف وہ آزاد کشمیر میں ’’جوائنٹ ایکشن کمیٹی‘‘ جیسے گروہوں کو سپورٹ کر کے وہاں بھی بغاوت اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
اللہ نذر بلوچ کا کشمیری عوام کے نام یہ مصنوعی ہمدردی کا پیغام دراصل ایک پروپیگنڈہ ہے تاکہ بلوچ نوجوانوں اور کشمیری عوام کو گمراہ کر کے انڈین اسٹرٹیجی کو تقویت دی جا سکے۔
بلوچستان لبریشن فرنٹ (BLF) کو بلوچستان کے عوام نے کبھی پذیرائی نہیں دی۔ عوام اس تنظیم کو انڈیا کی کٹھ پتلی سمجھتے ہیں، کیونکہ یہ گروہ نہ صرف معصوم بلوچوں کے قتل میں ملوث ہے بلکہ تعلیمی اداروں، اساتذہ، مزدوروں اور عام شہریوں کو بھی نشانہ بنا چکا ہے۔ اللہ نذر بلوچ کئی سالوں سے افغانستان میں بھارتی خفیہ نیٹ ورک کے زیرِ سایہ چھپا ہوا ہے اور وہیں سے پروپیگنڈہ بیانات جاری کرتا رہتا ہے۔
سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اللہ نذر بلوچ کا حالیہ بیان یہ ثابت کرتا ہے کہ بی ایل ایف اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی جیسے گروہ ایک ہی ڈور سے بندھے ہوئے ہیں، اور ان کے پیچھے اصل ماسٹر مائنڈ بھارت ہے۔ یہ تمام نیٹ ورکس پاکستان کے اندر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے اور عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں
اللہ نذر بلوچ جیسے عناصر کے بیانات پاکستانی عوام اور کشمیریوں کے لیے کسی طور ہمدردی پر مبنی نہیں بلکہ یہ انڈیا کی ہدایت پر چلنے والا پروپیگنڈہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بلوچ عوام اور کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ ہیں، اور دشمن کی تمام کوششوں کے باوجود ان کی جدوجہد اور قربانیاں پاکستان کی بقا اور سالمیت کے لیے ہیں۔

Social Plugin