کراچی کے علاقے ناظم آباد سے خوشیوں کی تلاش میں نکلنے والا ایک پرامن سیاح خاندان سڑکوں کی غلط نیویگیشن اور بدامنی کا شکار ہو کر بلوچستان کے علاقے دشت میں اجڑ گیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک ہنستا کھیلتا گھرانہ تباہ کر دیا۔ یہ لرزہ خیز داستان کسی حادثے کی نہیں بلکہ اندھی سفاکیت کی وہ منہ بولتی تصویر ہے جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
یہ خاندان گرمیوں کی چھٹیوں میں تفریح کی غرض سے گاڑی میں کوئٹہ جا رہا تھا کہ شاہراہ پر مبینہ طور پر گوگل میپس کی غلط رہنمائی کے باعث اصل راستے سے بھٹک گیا اور دشت کے ایک سنسان اور خطرناک علاقے کھنڈ میں داخل ہو گیا۔ گاڑی جیسے ہی اس ویران راستے پر آگے بڑھی، وہاں پہلے سے گھات لگائے نامعلوم مسلح درندوں نے اس نہتی فیملی کو نشانہ بنا ڈالا۔
اس بزدلانہ فائرنگ کے نتیجے میں خاندان کا سربراہ علی جمیل گولیوں کی زد میں آ کر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس پورے واقعے کا سب سے دردناک اور روح کانپا دینے والا پہلو وہ دو معصوم بچیاں ہیں جو گاڑی کی پچھلی نشست پر موجود تھیں۔ جسمانی طور پر تو وہ اس حملے میں محفوظ رہیں، لیکن اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے باپ کو تڑپتا ہوا دم توڑتے اور ماں کو لہولہان ہوتے دیکھ کر وہ جس شدید نفسیاتی صدمے اور خوف سے گزر رہی ہیں، اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش و زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملوث شرپسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ سانحہ ہمارے سامنے کئی ایسے تلخ سوالات چھوڑ گیا ہے جن پر خاموش رہنا ممکن نہیں۔ کسی راستہ بھٹکنے والے مسافر خاندان پر، جس میں عورتیں اور بچے شامل ہوں، گولیاں چلا دینا کسی مذہب، قانون یا بلوچ روایات کا حصہ نہیں ہو سکتا، یہ خالصتاً ایک وحشیانہ اور دہشت گردانہ فعل ہے۔ حکومتِ بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ ہے کہ ان معصوم بچیوں کے سر سے سایہ چھیننے والے درندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر ایسی عبرتناک سزا دی جائے جو آئندہ کے لیے مثال بن جائے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں اس دکھی خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور زخمی ماں کو جلد شفائے عاجلّہ عطا کرے۔ آمین

Social Plugin