سیاسی اور عسکری قیادت کے اس اہم ترین مشترکہ بیٹھک میں ملک کی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں وزیراعظم نے واضح الفاظ میں دشمن کے عزائم کو بے نقاب کیا اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور فتنہ الخوارج کو ناکام بنانے کا اعلان
کوئٹہ میں ہونے والے اس اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں دہشت گردی کے سنگین واقعات رونما ہوئے ہیں، جن کے نتیجے میں پولیس، پاک فوج کے جوان اور معصوم شہری شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائیوں اور مختلف آپریشنز کے نتیجے میں اب تک 54 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری بہادر مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے وطن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں اور اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے، اور آج پوری قوم اپنی ان بہادر افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے پسِ پردہ محرکات اور بیرونی مداخلت کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ ان بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث ہے اور دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں ہونے والی حالیہ کارروائیوں میں بھی خارجی عناصر ملوث ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں اور گزشتہ سال مئی میں معرکۂ حق کی کامیابی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، جس کی وجہ سے وہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی ناپاک کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں عزم ظاہر کیا کہ سیاسی و عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر یکسو ہے اور ہم سب نے مل کر اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہے۔ حکومت دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور پاکستان جلد امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے وطن کی خاطر جان دینے والے تمام شہداء کے بلندیِ درجات اور ان کے سوگوار لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا بھی کی۔

Social Plugin