بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں مقامی چاکرانی قبائل نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد تنظیم بی آر اے (فتنہ الہندوستان) کے اہم کمانڈر سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 4 کو زخمی کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے علاقے میں تخریبی سرگرمیوں اور دھماکوں کے ذریعے عوام کو نشانہ بنایا ہوا تھا جس پر قبائل نے خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ واقعہ کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بی آر اے کا انتہائی مطلوب کمانڈر وشو ہوتکانی بھی مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ کئی ہفتوں سے سوئی اور اس کے مضافات میں دہشتگردوں کی موجودگی اور ان کی کارروائیوں کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جارہی تھی۔ بارودی دھماکوں اور بھتہ خوری سے تنگ آکر قبائل نے اپنی مدد آپ کے تحت مسلح جدوجہد کا آغاز کیا اور دہشتگردوں کو پسپا کردیا۔
قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں دہشتگردوں کو مزید قدم جمانے نہیں دیں گے۔ عوامی مزاحمت کے بعد دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ رہی ہے اور انہیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
پولیس اور انتظامیہ نے تاحال واقعہ پر باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا، تاہم ذرائع کے مطابق سیکیورٹی ادارے بھی علاقے میں صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

Social Plugin