دشت، خاران اور منگچر میں فائرنگ کے واقعات؛ تین افراد جاں بحق

 بلوچستان کے اضلاع دشت، خاران اور منگچر میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعات ذاتی اور قبائلی تنازعات کا شاخسانہ ہوسکتے ہیں، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔


تفصیلات کے مطابق، مزن کور دشت کے علاقے سے نوجوان گلاب ولد جمال ساکن بلنگور سورک کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی۔ مقتول کو فائرنگ کے بعد نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی جبکہ قتل کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔


دوسرا واقعہ خاران ساروان میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کوہلو کے رہائشی دولت خان کو قتل کردیا۔ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔


تیسرا واقعہ منگچر کے کلی آدم زئی میں رپورٹ ہوا، جہاں فائرنگ سے نادر ولد محمد صدیق شدید زخمی ہوا۔ زخمی کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ فائرنگ لانگو اور کلوئی قبائل کے درمیان پرانے تنازع کا نتیجہ تھی۔


پولیس نے تینوں واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں