دہشتگرد عناصر آخری سانسیں لے رہے ہیں، ریاست پوری قوت سے مقابلہ کرے گی: میر سرفراز بگٹی



دشت واقعے کے شکار تاجر علی مرتضیٰ کے اہل خانہ سے تعزیت؛ بچیوں کی کفالت اور تعلیم کی تمام ذمہ داری بلوچستان حکومت اٹھائے گی
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اب اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں اور ریاست ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوت اور پختہ عزم کے ساتھ برسرپیکار ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان خصوصی دورے پر کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے دشت کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے تاجر مرحوم علی مرتضیٰ کے گھر جا کر سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور پسماندگان کو صبر جمیل کی تلقین کی۔ اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے ایک بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت متاثرہ خاندان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، اور مرحوم کی بچیوں کی کفالت سمیت ان کی تعلیم و تربیت کے تمام اخراجات حکومت خود برداشت کرے گی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دشمن جب سامنے ہو تو اس کا مقابلہ کرنا آسان ہوتا ہے، تاہم گرے زونز میں کارروائیاں کرنا ایک مشکل چیلنج ہے، لیکن ہماری ریاست ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر دشت کے واقعے کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کے برعکس گمراہ کن بیانیے سے صوبے کا منفی تاثر ابھرتا ہے، جس کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر روزانہ ہزاروں مسافر اور گاڑیاں محفوظ انداز میں سفر کرتی ہیں، اس لیے کسی ایک انفرادی واقعے کو بنیاد بنا کر پورے صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھانا درست نہیں ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے گا۔