بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل اے (BLA) کے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو جدید مواصلاتی نگرانی اور خفیہ اطلاعات کے ذریعے موٹر سائیکل پر سوار دو دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا علم ہوا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے اہلکاروں نے علاقے میں گھات لگا کر نیٹ ورک کا گھیراؤ کیا۔
فورسز کی جانب سے روکنے کی کوشش پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی، جس کے بعد ہونے والے شدید مقابلے میں ایک دہشتگرد پلیا کے قریب موقع پر ہی مارا گیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا قریبی کمپاؤنڈ میں چھپ گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر اس کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا اور دوسرے دہشتگرد کو بھی کامیابی سے جہنم واصل کر دیا۔
آپریشن مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے تخریب کاری کا بھاری سامان قبضے میں لے لیا ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 75 کلوگرام بارود سے بھرے دو کین، ایک سب مشین گن (SMG)، چھ میگزین، ایک چیسٹ رگ، ایک STOS ڈیوائس، دو موبائل فون، بٹوے، دہشتگرد تنظیم کا جھنڈا اور زیرِ استعمال موٹر سائیکل شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بروقت کارروائی سے علاقے میں دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

Social Plugin