جیوانی پانوان میں سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ، 6 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید



جیوانی (مانیٹرنگ ڈیسک): بلوچستان کے ساحلی قصبے جیوانی کے علاقے پانوان میں سکیورٹی فورسز کی ایک پوسٹ پر بڑا حملہ رپورٹ ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق، دہشتگردوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے فوراً بعد مسلح دہشتگردوں نے پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور حملہ کر دیا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 6 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ وطنِ عزیز کی دفاع کی خاطر بہادری سے لڑتے ہوئے 2 سکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہو گئے۔
دھماکے اور حملے کے بعد علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے اور مزید کسی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مکران ڈویژن کے اس حساس ساحلی علاقے میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔