کیچ کے علاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 8 کارندے ہلاک



کیچ (ویب ڈیسک): بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی معتبر اطلاعات کے مطابق، بلیدہ کے مقام میناز میں فتنہ الہندوستان کے 10 سے 12 دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے بغیر کوئی وقت ضائع کیے انتہائی مہارت کے ساتھ فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا گھیراؤ کیا اور چھاپہ مارا۔ آپریشن کے دوران فورسز اور مسلح عناصر کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود تمام 8 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا اور ان کا خاتمہ کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے یہ خطرناک کارندے شہر میں بڑے پیمانے پر تخریب کاری اور بدامنی پھیلانے کی ایک ہولناک منصوبہ بندی کے تحت وہاں روپوش تھے، جسے فورسز نے بروقت کارروائی کر کے خاک میں ملا دیا۔ اس کامیاب آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے، جبکہ مقامی حلقوں نے فورسز کی اس فوری اور مؤثر کارروائی کو علاقے کے تحفظ کے لیے ایک بڑا اور اہم اقدام قرار دیا ہے۔