بلوچستان حکومت میں بڑی تبدیلیاں متوقع وزیر اعلی برقرار کابینہ میں ردوبدل کا امکان



 کوئٹہ بلوچستان کی صوبائی حکومت میں آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر انتظامی اور سیاسی تبدیلیاں متوقع ہیں اور اعلی سطحی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق موجودہ وزیر اعلی میر سرفراز احمد بگٹی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے تاہم صوبائی کابینہ کی تشکیل نو پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کے وسیع تر مفاد اور عوامی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے اعلی سطح پر اہم مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور اس مشاورت کے نتیجے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلی کی قیادت کو برقرار رکھتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کو مزید متحرک کیا جائے گا۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ میں ممکنہ ردوبدل کا بنیادی معیار کارکردگی کو بنایا گیا ہے اور گزشتہ چند ماہ کے دوران مختلف شعبوں میں کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے جس کی روشنی میں متعدد محکموں کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا قوی امکان ہے جبکہ تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے والے بعض اراکین کو کابینہ سے فارغ بھی کیا جا سکتا ہے۔
حکومتی ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ صوبائی امور میں نئی جان ڈالنے کے لیے کچھ نئے چہروں کو کابینہ اور مشیروں کی حیثیت سے شامل کرنے کی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں اور اس سلسلے میں ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے جس کی حتمی منظوری کے بعد صوبائی حکومت کی نئی اور زیادہ فعال شکل سامنے آئے گی جبکہ انتظامی حلقوں کا ماننا ہے کہ اس متوقع ردوبدل سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔