بلوچستان حکومت اور دھرنا کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، کوئٹہ میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان



کوئٹہ میں بی اے مال کے قریب جاری دھرنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کامیاب حکمت عملی اور یقین دہانیوں کے بعد پرامن طور پر ختم ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے لواحقین اور دھرنا کمیٹی سے تفصیلی ملاقات کی، جس کے بعد کمیٹی نے دھرنا ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کے لیے مالی معاوضے، سرکاری ملازمتوں اور بچوں کی تعلیم کے تمام اخراجات اٹھانے کا وعدہ کیا ہے۔
شہداء کے لواحقین کے لیے سرکاری ملازمتیں اور تعلیمی اخراجات کا اعلان، وزیر اعلیٰ کا ہر ممکن تعاون کا عزم
مذاکرات کی کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ دھرنا کمیٹی نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی درخواست اور یقین دہانیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس اہم موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سینیٹر منظور احمد کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب کاکڑ بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ پہلے دن سے دھرنا شرکاء کے ساتھ رابطے میں تھے اور مسئلے کا باوقار حل چاہتے تھے۔ انہوں نے بلوچستان اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف کی موجودگی میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور ریاست دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانا حکومت، عوام اور تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر حکومت سے کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو اس کا ازالہ کیا جائے گا۔