کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے صوبے بھر میں نادرا رجسٹریشن سینٹرز (NRCs) اور تمام کاؤنٹرز کے ذریعے نان پروہیبیٹڈ بور (NPB) اسلحہ لائسنسوں کی پروسیسنگ کو فوری طور پر روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ (آرمز سیکشن) کی جانب سے 15 جولائی 2026 کو جاری ہونے والے باضابطہ مراسلے کے مطابق، یہ پابندی اس وقت تک نافذ العمل رہے گی جب تک صوبے بھر میں اسلحہ ڈیلرشپ لائسنسوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔ اس کے ساتھ ہی تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں نادرا کے متعلقہ ماڈیولز کی تنصیب بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان کے اندر اور صوبے سے باہر موجود تمام نوٹیفائیڈ نادرا سینٹرز پر بلوچستان کے NPB اسلحہ لائسنسوں کی کسی بھی نئی درخواست یا پروسیسنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔ حکومت نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور نادرا حکام کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد صوبے میں اسلحہ لائسنسنگ کا تمام عمل آئندہ احکامات تک معطل رہے گا۔

Social Plugin