کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہنہ کے علاقے کلی ببری میں گورنمنٹ گرلز اسکول قائم کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر اسکول کے قیام کے لیے سمری فوری طور پر تیار کر کے منظوری کے لیے پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کلی ببری میں گرلز اسکول کے قیام کی یقین دہانی ماضی میں شہداء کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر کرائی تھی، جسے اب عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دور دراز علاقوں کی بچیوں کو ان کی دہلیز پر تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند نے اس فیصلے کے حوالے سے بتایا کہ کلی ببری میں اسکول کے قیام سے مقامی طالبات کو اپنے ہی علاقے میں معیاری تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں دور دراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان صوبے کے ہر بچے اور بچی تک تعلیم کی سہولت پہنچانے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

Social Plugin