بلوچستان کے علاقے زہری میں آج صبح نمازِ فجر کے بعد سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران اب تک 10 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 7 دہشتگردوں کی لاشیں سکیورٹی فورسز کی تحویل میں آچکی ہیں۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ کچھ دہشتگرد مقامی آبادی کے اندر داخل ہوکر خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپ گئے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز کی پیشقدمی جاری ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔
علاقے کے مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فورسز کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں تاکہ شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی زہری میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران 13 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا اور 23 کلومیٹر سے زائد علاقہ کلیئر کیا گیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ آپریشن اسی تسلسل کا حصہ ہے تاکہ دہشتگردوں کی باقی ماندہ جڑوں کو ختم کیا جاسکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریاست پاکستان اور اس کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ دہشتگردوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بلوچستان سمیت پورے ملک کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے یہ آپریشنز آخری حد تک جاری رہیں گے۔

Social Plugin