بلوچستان میں منشیات کے خاتمے کی مہم، 570 ایکڑ سے زائد رقبہ منشیات کی کاشت سے پاک

 کوئٹہ: محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی ہدایت اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) بلوچستان کے تعاون سے صوبے بھر میں جاری انسدادِ منشیات مہم 2025 کے دوران بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 570 ایکڑ رقبے پر کاشت شدہ چرس، پوست اور دیگر منشیات کو تلف کیا جا چکا ہے، جبکہ صرف آج کے روز 111 ایکڑ رقبے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔


مختلف اضلاع میں کارروائی کی تفصیلات


ضلع دکی: 6.8 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی


ضلع لورالائی (نالی اعظم، تحصیل میختر): 13 ایکڑ رقبے پر کاشت شدہ فصل تلف کر دی گئی۔ اب تک ضلع میں کل 125.2 ایکڑ رقبہ منشیات سے پاک کیا گیا ہے۔ کارروائی میں 2 ٹریکٹر استعمال ہوئے


ضلع چمن: 25 ایکڑ رقبے پر چرس کی فصل ختم کی گئی، اس دوران 4 ایف آئی آر درج ہوئیں۔


ضلع پشین: 94 ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی فصل تلف کی گئی، کارروائی میں 7 ایف آئی آر درج کی گئیں۔


ضلع قلات: 30 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی


ضلع قلعہ عبداللہ: آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا۔ کاشنی دوبندی، تاشر بت، ایسنا اور زیمال/تکری ایسنا (برکت) سمیت مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 98 ایکڑ رقبے پر منشیات کی فصل تباہ کی گئی۔ ان میں سے 20 ایکڑ پانی کی کمی کے باعث خود ختم ہو گئے جبکہ 78 ایکڑ کو اے این ایف نے تلف کیا۔ ضلع میں اب تک مجموعی طور پر 289 ایکڑ کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ آج مزید 2 ایف آئی آر درج ہوئیں جس کے بعد کل تعداد 6 ہوگئی۔ کارروائی میں 10 ویڈی سائیڈ اسپرے مشینیں، 4 گراس کٹر مشینیں اور 2 ٹریکٹر استعمال ہوئے۔


اس آپریشن میں پہلی مرتبہ جدید زرعی مشینری کے استعمال کو شامل کیا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر کارروائی مؤثر اور تیز تر ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور اے این ایف حکام نے بتایا کہ یہ مہم صوبے کو منشیات کی کاشت سے پاک کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔


حکام کے مطابق آنے والے دنوں میں کارروائی مزید تیز کی جائے گی تاکہ بلوچستان کو منشیات کی کاشت سے مکمل طور پر نجات دلائی جا سکے اور نوجوان نسل کو منشیات کے نقصانات سے بچایا جا سکے۔